برطانوی شہزادی کمیلا پارکر خواتین سیکیورٹی گارڈز کے ہمراہ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 14, 2016 | 18:38 شام

 

برطانوی شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر آج کل متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ اس موقع پر کلیرنس ہاؤس کی جانب سے ایک نہایت منفرد تصویر جاری کی گئی ہے جس میں کمیلا پارکر خواتین سیکیورٹی گارڈز میں گھری نظر آرہی ہیں۔برطانیہ کا یہ شاہی جوڑا آج کل مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہے جہاں وہ پہلے عمان گئے بعد ازاں ان کی اگلی منزل متحدہ عرب امارات میں ٹہری۔شاہی جوڑے نے یہاں موجود شیخ زید جامع مسجد کا بھی دورہ کیا جہاں کمیلا پارکر کی حفاظت خواتین گارڈز کے دستے نے کی۔اس شاہی جوڑے کی مصروفیات سے آگاہ کرنے والے سماجی رابطوں کے آفیشل اکاؤنٹس سے جاری کی گئی تصویر کے مطابق کمیلا پارکر کی حفاظت پر معمور یہ خواتین گارڈز متحدہ عرب اماراتی فوج کا حصہ ہیں اور ان میں سے 3 خواتین رواں برس دنیا کی سب سے بلند ماؤنٹ ایورسٹ پہاڑ کی چوٹی بھی سر کر چکی ہیں۔کلیرنس ہاؤس کے مطابق کمیلا پارکر ان خواتین گارڈز کو دیکھ کر نہایت خوش ہوئیں اور یہ ان کے لیے ایک منفرد تجربہ تھا۔واضح رہے کہ دنیا کے معمر ترین ولی عہدی کا اعزاز رکھنے والے شہزادہ چارلس شہزادی ڈیانا سے رشتہ ازدواج میں منسلک رہے اور انہوں نے دوسری شادی سنہ 2005 میں اپنی سابقہ محبوبہ کمیلا پارکر سے کی تھی جو اس وقت بیوہ تھیں۔شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے 2 بچے ولیم اور ہیری بھی ہیں جو اب اپنے والد کے ساتھ ولی عہدی کی دوڑ میں شامل ہیں۔