پانچ دہشت گردوں کو پھانسی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع مارچ 08, 2017 | 13:45 شام
کوہاٹ(مانیٹرنگ)فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 5 خطرناک دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کو کوہاٹ کی ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دی گئی۔پھانسی پانے والوں میں دہشت گرد شوکت علی، امداداللہ، صابر شاہ، خاندان اور انور علی شامل ہیں۔تختہ دار پر لٹکائے جانے والے دہشت گردوں اور ان کے جرائم کی تفصیلات درج ذیل ہے۔
۔ دہشت گرد شوکت علی ولد عبدالجبار کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کارندہ تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں کئی فوجی جوان جاں بحق و زخمی ہوئے۔
۔ امداد اللہ ولد عبدالواجد بھی ٹی ٹی پی کا متحرک کارندہ تھا جو ضلع بونیر میں تعلیمی ادارے کی تباہی میں ملوث تھا، جبکہ اس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بھی کئی حملے کیے جس میں متعدد فوجی اہلکار جاں بحق و زخمی ہوئے۔
۔ دہشت گرد صابر شاہ ولد سید احمد شاہ بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا فعال کارندہ اور مسلح افواج پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔
۔ خاندان ولد دوست محمد خان ٹی ٹی پی کا اہم کارندہ تھا اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا۔
۔ دہشت گرد انور علی ولد فضل غنی بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا فعال کارندہ اور مسلح افواج پر متعدد حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں کئی فوجی جوان ہلاک ہوئے۔
پھانسی پانے والے تمام دہشت گردوں نے فوجی عدالتوں اور مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔