سری لنکا نے کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں زمباوے کو شکست دے دی۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 14, 2016 | 19:32 شام

سری لنکا نے تین ملکی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 5 پوائنٹس حاصل کرلیے۔ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے عبوری کپتان اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔زمبابوے کے بلے باز شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئے اور 13 رنز پر دو اور صرف ایک رن کے اضافے کے بعد تیسرے بلے باز بھی آؤٹ ہوئے۔اوپنر برائن چاری 7، شان ایرون صفر اور سکندر رضا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شان ولیمز 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو زمبابوے کا اسکور 29 رنز تھا۔زمبابوے کی جانب سے وکٹ کیپر بلےباز پیٹر مور اور کپتان گریم کریمر نے سب سے زیادہ بالترتیب 47 اور 39 رنز بنائے۔سری لنکن باؤلرز نے میزبان بلے بازوں کو کھیل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور 154 رنز کے ایک مختصر اسکور تک محدود رکھا۔زمبابوے کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، کریمر 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، دیگر بلےبازوں میں پیٹرمور کے علاوہ تریپانو نے 19، چیبابا 18 اور پانیانگارا 12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔آسیلا گونارتنے نے سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں اور کلاسیکرا، لکمل اور پرادیپ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔آسان ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے اوپنرز نے 56 رنز کا پراعتماد آغاز کیا اور پریرا 21 رنز بنا کرپویلین لوٹے جس کے بعد وکٹ کیپر نیروشان ڈک ویلا نے دھنانج ڈی سلوا کے ساتھ 84 رنز کا اضافہ کیا۔نیروشان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے دوسری اور آخری کھلاڑی تھے۔سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 25 ویں اوور میں باآسانی صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔دھنانج ڈی سلوا نے ناقابل شکست 78 اور کوسل مینڈس نے 12 رنز بنائے۔ڈی سلوا کو ذمہ دارانہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سیریز کا دوسرا میچ 16 نومبر کو سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔