بھارتیوں کا اپنی حکومت کے خلاف انوکھا احتجاج

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 06, 2016 | 19:02 شام

نئی دہلی(بھارت): انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ضلع کانپور کے علاقے سیسا ماؤ کا رہائشی 36 سالہ چندرپال سنگھ اپنے گھر کے زائد بجلی اور پانی کے بلوں سے پریشان تھا لہٰذا اس نے حکومت کے خلاف احتجاج کا انوکھا طریقہ اختیار کیا۔چندر پال نے اپنے گھر کی چھت پر پاکستانی پرچم لہرا کر بھارتی حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا تاہم وشوا ہندو پریشاد اور بجرنگ دل کے کارکنوں کی جانب سے چندرپال کے گھر کے باہر احتجاج کے بعد مقامی پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ای

چ او سیساماؤ پولیس اسٹیشن دھرمیندر سنگھ نے بتایا کہ چندرپال کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 124 اے (بغاوت) اور 153(اشتعال انگیزی پھیلانے) کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اسے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ملزم کا دعویٰ ہے کہ وہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانا چاہتا تھا تاکہ وہ اپنی حالت زار حکومت کو بتاسکے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم بجلی اور پانی کے زائد بلوں سے پریشان تھا جبکہ خود ملزم کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے چکر لگا لگاکر تھک چکا تھا جو اس کی شکایت پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لارہے تھے۔