بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ ڈرا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 13, 2016 | 20:25 شام

راجکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک) : بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ دلچسپ مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا، انگلینڈ نے بھارت کو جیت کیلئے 310 رنز کا ہدف دیا، کپتان کک نے سنچری اور حسیب حمید نے 82 رنز کی اننگز کھیلی، بھارتی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بناسکی، عادل راشد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔راجکوٹ میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 260 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کرکے بھارت کو جیت کیلئے 310 رنز کا ہدف دیا، ایلسٹر کک اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنیوالے حسیب حمید نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 180 رنز کی شراکت قائم کی، کک نے 30 ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کی اور 130 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جبکہ حسیب حمید نے 82 رنز بنائے، امیت مشرا نے 2 اور ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔بھارتی ٹیم 310 رنز ہدف کے تعاقب میں کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بناسکی، مرلی وجے 31، گوتم گمبھیر صفر، پجارا 18، رہانے ایک، ایشون 32 اور ساہا 9 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، ویرات کوہلی 49 اور روندرا جدیجا 32 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ عادل راشد نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔