کوئٹہ(مانیٹرنگ) پولیس ٹریننگ سینٹراورسول اسپتال کوئٹہ پر حملے کے ماسٹرمائنڈ گرفتارکرلئے گئے،ان کا سہولت کاروں کا بھی گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر اور سول اسپتال پر حملوں میں ملوث دہشت گرد، سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ ہمارے صوبے پر بدامنی کے جو بادل چھائے ہوئے تھے لیکن اب ان کا خاتمہ کیا جاچکا ہے، ہم نے پولیس ٹریننگ سینٹر اور سول اسپتال دھماکے میں ملوث دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس ٹریننگ کالج حملے میں ملوث ملزمان سے مزید تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور جلد ہی واقعے میں ملوث تمام سہولت کاروں اور دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچا دیا جائے گا۔
ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ اگر ماضی کی حکومتیں اقدامات اٹھاتیں تو آج صوبے میں ایسے واقعات رونما نہ ہوتے، ہماری حکومت کسی کو بھی امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کسی دہشت گرد کو چھپنے کا موقع نہیں دیں گے، دہشت گردوں کو ان کے بِلوں سے نکال کر ماریں گے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔