راکھی ساونت پر وزیر اعظم نریندر مودی کی توہین کرنے پر مقدمہ درج
جے پور(بھارت): بالی ووڈ آئٹم گرل راکھی ساونت پر نریندر مودی کی تصاویر والا لباس پہننے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت شہ سرخیوں میں جگہ بنانے کا فن خوب جانتی ہیں یہی وجہ ہے کبھی متنازع بیان تو کبھی اداکارہ سنی لیون پر تنقید کرنے سے باز نہیں آتی ہیں لیکن اب اداکارہ کو ایسی ہی حرکت مہنگی پڑگئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجھستان کی عدالت نے شہری کی درخواست پر اداکارہ راکھی ساونت پر وزیر اعظم نریندر مودی کی توہین کرنے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد مقامی تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔شہری کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اداکارہ نے ایک تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر والا کالے رنگ کا لباس زیب تن کرکے شرکت کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی جاری کرکے بھارتی وزیر اعظم کے منصب کی توہین کی گئی لہٰذا اداکارہ کے اس عمل سے کروڑوں ہندوستانیوں کی دل آزاری ہوئی اور ان پر مقدمہ درج کیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسکینڈل کوئین راکھی ساونت نے امریکا میں جشن آزادی کی تقریب میں نریندر مودی کی تصاویر والا لباس زیب تن کیا تھا جس کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر تنازعہ کھڑا کردیا تھا۔