پانچ ہزار کا نوٹ۔۔۔سینٹر عثمان سیف اللہ سوال پر بھڑک اٹھے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 11, 2016 | 18:32 شام

لاہور(مانیٹرنگ )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ نجی ٹی وی کے صحافی کامران خان کے پاناما لیکس میں نام کے سوال پر برہم ہو گئے اور غصے میں کہا کہ ’آپ نے ہمیں مجرم قرار دیدیاہے تو ہمیں پھانسی لگا دو‘۔
نجی ٹی وی دنیانیوز نیوز کے پروگرام میں سینئر صحافی کامران خان نے عثمان سیف اللہ سے سوال کیا کہ آپ کے خاندان کا نام پاناما لیکس میں آیاہے ،جس میں آپ کے خاندان کے نام پر سب سے زیادہ 34آف شور کمپنیاں ہیں تو آپ کا اس کے بارے میں کیا موقف ہے،اس سوال کے جواب میں عثمان

سیف اللہ نے کہا کہ وہ پروگرام میں صرف سینٹ میں ان کی جانب سے پیش کی گئی پانچ ہزار کے نوٹ کے خاتمے سے متعلق قرار داد پر گفتگو کیلئے آئے ہیں اگر آپ نے کسی اور حوالے سے گفتگو کرنی ہے تو وہ اس پر جواب بعد میں دیں گے ۔کامران خان نے اپنا سوال دہراتے ہوئے کہا کہ یہ بھی آپ سے متعلق ہی سوال ہے کیونکہ آپ کے خاندان کا نام پاناما لیکس میں آیاہے اور یہ رپورٹ پوری دنیا میں شائع ہوئی ہے ،آپ عوامی نمائندے ہیں اس لیے آپ کو جواب دینا چاہیے ،جس پر سینیٹر عثمان سیف اللہ نیازی آگ بگولہ ہو گئے اور کہا کہ ’آپ نے ہمیں مجرم ثابت کر دیا ہے تو پھانسی دیدیں ‘۔
عثمان سیف اللہ کا کہناتھا کہ پانامالیکس کےالزامات کومستردکرتاہوں،الزامات کوغلط ثابت کریں گے، پاناما لیکس کے معاملے پرسینیٹ میں جواب دیاہے، ہم قانون کےمطابق عدالت سمیت کسی بھی فورم پر جواب دیں گے۔عثمان سیف اللہ کا کہناتھا کہ انہوں نے سینیٹ میں قرار داد پیش کی ہے کہ پانچ ہزار کے نوٹ واپس لیے جائیں کیونکہ بڑے نوٹ بدعنوانی کے واقعات میں استعمال ہوتے ہیں ،امید ہے کہ 21نومبر کو اس قرار داد پر بحث ہو گی ۔