عوام کی جیبوں پرمزیدنو ارب ڈاکےکا منصوبہ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 12, 2017 | 04:37 صبح

اسلام آباد(مانیٹرنگ)وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیلم جہلم سرچارج میں 30 جون 2018ء تک توسیع کی منظوری دیدی، اس فیصلے سے حکومت کو ڈیڑھ سال میں 9 ارب روپے حاصل ہوں گے۔وزارت خزانہ کے مطابق رقم سے نیلم جہلم منصوبے کی جلد تکمیل میں مدد ملے گی، سرچارج کی مدت 31 دسمبر 2016ء کو ختم ہوگئی تھی، ای سی سی نے واپڈا کو پنجاب حکومت کے نیٹ ہائیڈل پرافٹ کلیمز کی ادائیگی کیلئے حکومتی ضمانت دینے کی بھی منظوری دیدی۔

ای سی سی اجلاس میں حکومت کی طرف سے تجارت اور برآمدات

میں اضافے کیلئے اعلان کردہ 180 ارب روپے کے پیکج کی بھی باقاعدہ منظوری دی گئی۔کمیٹی کو معاشی صورتحال پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی تا دسمبر مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح 3.8 فیصد رہی ، 3 جنوری 2017ء  تک گندم کا ذخیرہ 75 لاکھ ٹن رہا، پیٹرولیم مصنوعات کا 34 دن کا ذخیرہ موجود ہے۔کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ جولائی تا دسمبر ترسیلات زر 9.4 ارب ڈالر رہیں جبکہ 9 جنوری کو زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر سے زیادہ تھے۔