پرس میں 100 روپے کے نوٹ نہ رکھنے پر چوروں نے شہری کی پٹائی کر دی
پونے (مانیٹرنگ ڈیسک): بھارت میں چوروں نے ایک شہری سے پرس چھینا تاہم کچھ دیر بعد واپس کردیا، چوروں نے شہری کی پٹائی بھی کر ڈالی کیوں کہ اس میں 500 روپے کے پرانے نوٹ تھے اور بولے کہ پرس میں 100 روپے کے نوٹ کیوں نہیں رکھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پونے میں موٹر سائیکل سوار چوروں نے ایک شہری سے پرس چھینا اور فرار ہوگئے تاہم کچھ دیر بعد واپس آکر 500 روپے کے پرانے نوٹوں سے بھرا پرس شہری کو واپس کردیا، ساتھ ہی پرس میں 100 روپے کے نوٹ نہ رکھنے پر اس کی پٹائی بھی کردی۔کنسٹرکشن کمپنی کے ورکر وکاس کمار نے بتایا کہ وہ کام سے واپس آرہا تھا کہ دو موٹر سائیکل سواروں نے اس کا پرس چھینا اور فرار ہوگئے، کچھ دیر بعد واپس آئے اور پرس میری طرف پھینک دیا اور تھپڑ مارے، بولے کہ پرس میں 100 روپے کے نوٹ رکھنے چاہئیں۔واضح رہے کہ بھارت میں 500 اور ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم کردی گئی ہے، ریزرو بینک آف انڈیا جلد نئے کرنسی نوٹ جاری کرے گا۔