فیس بک اور اس کے نیوز فیڈ کے الگورتھم نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 11, 2016 | 20:10 شام

اب ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے نئے صدر منتخب ہوچکے ہیں اور بیشتر لوگوں کا خیال ہے کہ ایسا فیس بک کی وجہ سے ہوا ہے، جبکہ مارک زکربرگ نے اس کی تردید کی ہے۔جی ہاں واقعی متعدد افراد کا ماننا ہے کہ فیس بک اور اس کے نیوز فیڈ کے الگورتھم نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ وہ حقیقت اور جھوٹ کے درمیان فرق کرنے میں ناکام رہے جسے لوگوں نے فلٹر ببل کا نام دیا ہے۔ان کے بقول جب آپ کسی سیاستدان کے بارے میں کوئی فرضی اسٹوری فیس بک پر شیئر کرتے ہیں جو آپ کے خیالات کے مطابق ہو تو وہ نیوز فیڈ پر نظر آتی ہے اور آپ کے سامنے وہی دنیا آتی ہے جو خیالات میں آپ نے قائم کررکھی ہوتی ہے۔اور یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ اگرچہ کسی بات کی سچائی جاننے کے متعدد ذرائع موجود ہیں مگر آج کل بیشتر افراد فیس بک کی معلومات پر ہی انحصار کرنے کے عادی ہوتے جارہے ہیں یا یوں کہہ لیں کہ خبروں کے حصول کے لیے اسی کو ترجیح دیتے ہیں۔امریکی انتخابی نتائج کے بعد بھی بیشتر افراد نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی فیس بک کے کردار کا نتیجہ قرار دی،جیسے آپ ٹوئیٹس میں دیکھ سکتے ہیں۔دوسری جانب فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ ان کا سوشل نیٹ ورک صدارتی انتخابات کے نتائج پر کسی طرح اثرانداز نہیں ہوا۔جمعرات کی شب ایک کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا ' ذاتی طور پر میراخیال ہے کہ فیس بک پر جعلی خبروں کی شرح بہت کم ہوتی ہے جو کسی طرح انتخابات پر اثرانداز نہیں ہوسکتیں، اگر لوگ ایسا سوچتے ہیں تو یہ دیوانہ پن ہے'۔ان کے بقول ووٹر اپنا فیصلہ زندگی کے تجربات کی بنیاد پر کرتے ہیں۔