بلوچستان دہشتگردی سے محفوظ رہا تو کسر حادثے نے پوری کردی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 10, 2016 | 16:43 شام

 

کوئٹہ(مانیٹرنگ) صوبہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں مسافر ویگن کھائی میں گرنے سے10افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

سیکورٹی حکام کےمطابق مسافروں سے بھری ہوئی ویگن لمر قلا کے گاؤں سے درازندہ کے بازار کی جانب جارہی تھی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگئی۔

 حادثے میں 10 افراد جاں بحق ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق شیرانی قبیلے سے تھا اور وہ لمر قلا گاؤں کے رہائشی تھے۔

حادثے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں علاج کےلیے ابتدائی طور پر درازندہ بازار کے اسپتال اور بعد میں ڈی آئی خان کے اسپتال منتقل کردیاگیا۔یاد رہے کہ رواں سال جون میں صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں ٹریفک حادثے میں بارہ افراد جاں بحق اور بیس افراد زخمی ہوگئےتھے۔

واضح رہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی وجہ سے صوبہ بلوچستان میں ٹریفک حادثات ایک معمول بن گئے ہیں۔