بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شاہد آفریدی​​​​​​​ کی تباہ کن باؤلنگ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 10, 2016 | 17:31 شام

 

ڈھاکا(مانیٹرنگ ڈیسک): بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شاہد آفریدی اور عرفات سنی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت رنگپور رائیڈرز نے کھلنا ٹائٹنز کو 44 رنز کے معمولی مجموعے پر ٹھکانے لگا کر نو وکٹ سے فتح حاصل کر لی۔ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں رنگپور رائیڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو حریف ٹیم کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔صرف ایک کے اسکور پر ٹرینیڈاڈ سے آئے نکولس پوران پویلین لوٹ گئے جبکہ اننگز کے تیسرے اوور میں عبدالماجد وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے می

ں رن آؤٹ ہو گئے۔ابھی اسکور 15 تک پہنچا ہی تھا کہ محمود اللہ کی اننگ کا خاتمہ ہوا جبکہ شاہد آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں لگاتار دو گیندوں پر رکی ویسلز اور الوک کپالی کو چلتا کیا تو 16 رنز پر کھلنا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔اس موقع پر شوواگاتا ہوم اور عارف الحق نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو تھوڑی دیر کیلئے تھامتے ہوئے اننگز کی سب سے بڑی 16 رنز کی شراکت قائم کی لیکن آفریدی کو ان کی یہ کاوش نہ بھائی اور انہوں نے 12 رنز بنا کر اننگز کے سب سے کامیاب بلے باز شوواگاتا کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔عرفات سنی نے اٹیک پر آتے ہی ضرب کاری لگائی اور عارف الحق اور جنید خان کی وکٹیں حاصل کیں جبکہ آفریدی نے اپنے آخری اوور میں نور علم کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو نویں کامیابی دلائی۔عرفات سنی نے پاکستانی اسپنر محمد اصغر کی وکٹیں بکھیر کر 11ویں اوور میں کھلنا کی ٹیم کو 44 رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔یہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم ترین اسکور ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا تیسرا کمتر اسکور ہے۔رنگپور رائیڈرز کی جانب سے شاہد آفریدی نے صرف 12 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عرفات نے بغیر کوئی رن دیے تین وکٹیں لیں۔جواب میں رنگپور کی ٹیم نے آٹھ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی ہدف حاصل کر لیا، آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز محمد شہزاد تھے جنہیں جنید خان نے آؤٹ کیا۔شاہد آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔