وزیر اعظم نے فزکس سینٹر کو ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب اور طلباءکیلئے وظیفے کی منظوری دیدی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 05, 2016 | 13:16 شام
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم نوازشریف نے قائد اعظم یونیورسٹی کے فزکس سینٹر کو ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب کرنے اور ہر سال 5طلباءکو پی ایچ ڈی کی ڈگری کیلئے وظیفہ دینے کی منظوری دیدی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے نوبل انعام یافتہ سانئسدان ڈاکٹر عبدالسلام کی خدمات کے اعتراف میں قائد اعظم یونیورسٹی کے سینٹر آف فزکس کا نام تبدیل کر کے پروفیسر عبدالسلام سینٹر فار فزکس رکھنے کی منظوری دیدی ہے ۔ انہوںنے نام تبدیل کرنے کے حوالے سے سمری ایوان صدر ارسال کرنے کی ہدایت بھی کر دی ۔
ترجمان وزیر اعظم ہاﺅس کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے یہ اقدام ڈاکٹر عبدالسلام کی خدمات کے اعتراف میں اٹھایا ہے ۔ نام تبدیلی کے علاوہ فزکس میں پی ایچ ڈی کیلئے سالانہ 5فیلو شپس کی منظوری بھی دی گئی ہے جس کے بعد ہر سال پانچ طلباءکو وظیفہ پر دنیا کی معروف یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرسکیں گے تاہم یہ فیلو شپ پروگرام بھی ڈاکٹر عبدالسلام کے نام سے منسوب ہو گا ۔
ڈاکٹر عبدالسلام نے 1979ءمیں فزکس کے شعبہ میں نوبل انعام حاصل کیا ، وہ سائنس میں نوبل انعام حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں ۔ انہوں نے 1947ءسے 1960ءتک مشیر امور سائنس کے فرائض بھی سرانجام دیے ۔