پاکستان کے دو کامیاب اداکار احسن خان اور عائشہ عمر بہت جلد ایک ساتھ فلم کرتے نظر آئیں گے اور یقیناً شائقین کو یہ نئی جوڑی خوب متاثر کرے گی۔ٹی وی ہدایت کار امین اقبال نے اپنی فلم 'رہبرا' میں عائشہ عمر اور احسن خان کو کاسٹ کیا ہے، جو اگلے سال بڑی اسکرین پر ریلیز کی جائے گی،میڈیا سے بات کرتے ہوئےاحسن خان نے اس فلم کی کہانی کو رومانوی قرار دیا۔احسن خان کا کہنا تھا کہ 'فلم کے اسکرپٹ کے مطابق اداکاروں کو خاصی مضبوط پرفارمنس دینی ہوگی، میں نے امین اقبال کے ساتھ دو ڈراموں میں کام کیا اور میں ہمیشہ سے ہی جانتا تھا کہ ان میں اتنی قابلیت ہے کہ وہ فلم بنا سکیں، مجھے یقین ہے کہ یہ فلم بہترین انداز میں بنائی جائے گی'۔عائشہ عمر کے حوالے سے احسن خان نے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں۔عائشہ عمر نے بھی فلم 'رہبرا' میں کاسٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کہانی بہترین ہے، جبکہ ان کا فلم میں کردار خاصہ دلچسپ ہوگا۔اس فلم میں مس پاکستان یو ایس اے 2015 سارش خان بھی اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔فلم 'رہبرا' کی ریلیز اگلے سال عید العضحیٰ پر متوقع ہے۔