سندھ ہائی کورٹ کا آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کا حکم

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 13, 2017 | 14:08 شام

  کراچی(مانیٹرنگ)سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ برطرفی کیس کی سماعت کے دوران آئندہ سماعت تک حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ جمعرات کو آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے تحریری جواب اور آئی جیز کی تقرری کا پندرہ سالہ ریکارڈ پیش کیا۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 2000ءسے 2017ءتک 13 آئی جی سندھ تعینات کئے گئے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ آئی جی کی تق

رری کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس ہے سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی کی تقرری کے لئے تین نام بھیجے جاتے ہیں اگر بھیجے گئے تین ناموں پر اتفاق نہ ہو تو وفاق سے مشاورت ہوتی ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے استدعا کی کہ حکم امتناع کو ختم کیا جائے تاہم عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے اے ڈی خواجہ کو کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 19 اپریل تک ملتوی کردی۔