کراچی میں افغان قونصل خانے میں گارڈ کی فائرنگ سے سفارت کار چل بسا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع فروری 06, 2017 | 09:56 صبح
کراچی(مانیٹرنگ)کلفٹن میں افغان قونصل خانے میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے سفارت کار محمد ذکی جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں افغان قونصل خانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد ذکی کے نام سے ہوئی ہے جو افغان قونصل خانے کا تھرڈ سیکرٹری بتایا جاتا ہے۔دوسری جانب ایس ایس پی ساوتھ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے اور فائرنگ کرنے والا گارڈ افغان شہری راحت اللہ ہے جسے حراست میں لے لیا گیا۔ گارڈ نے فائرنگ افغان قونصل خانے کی لابی میں کی۔