کابل شہدائے کربلا کے چہلم کے دوران مسجد میں دھماکا، 27 افراد جاں بحق

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 21, 2016 | 15:49 شام

 

کابل (شفق ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت میں ایک مسجد میں شہدائے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے منعقدہ ماتمی مجلس کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق جبکہ 35 زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کیمطابق افغان دارالحکومت کابل میں واقع ایک مسجد میں عین اس وقت دھماکا ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ماتمی مجلس میں شریک تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق جبکہ 35 زخمی ہوگئے۔ کابل کے سینئر پولیس اہلکار فریدون عبیدی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے

کہا کہ مسجد میں ہونیوالا دھماکا خودکش تھا۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شہر بھر کی سکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس کے اوائل میں بھی کابل میں اسی نوعیت کے دھماکے ہوئے تھے جنکی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔