وزیراعظم کے بچوں کے وکیل نے پانامہ کیس سے صاف بچالیا،تحریک انصاف دیکھتی رہ گئی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 16, 2016 | 16:57 شام
اسلام آباد(مانیٹرنگ): پانامہ لیکس کیس میں مریم صفدر ،حسن اور حسین نواز کے وکیل ایم اکرم شیخ نے پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائے جانے والے ثبوتوں پر اعتراضات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے، پی ٹی آئی کی جانب سے فراہم کردہ ثبوت جھوٹ کاپلندہ ہیں، اخباری تراشوں کوثبوت کے طور پرقبول نہیں کیا جاسکتا۔
اخباری تراشوں کوثبوت کے طور پرقبول نہیں کیا جاسکتا، پی ٹی آئی کی جانب سے فراہم کردہ ثبوت بے بنیاد ہیں۔ ایم اکرم شیخ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے حسین نواز کے نام پر لندن کے فلیٹس کی ملکیت کی بنیاد پر وزیر اعظم کو نااہل قراردیئے جانے کی استدعا بھی بے بنیاد ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اخباری تراشوں پر مبنی جو دستاویزات جمع کرائی ہیں ان کا پی ٹی آئی کی جانب سے عائد کیے گئے بنیادی الزام سے کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی آئی نے ان دستاویزات پر انحصار کرنے پر اصرار کیا تو وہ ان دستاویزات کا فرداً فرداً جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ عمران خان نے اپنے الزامات کو ثابت کرنے کیلئے ٹھوس شواہد فراہم نہیں کئے۔
انہوں نےعمومی الزامات لگائے جنہیں وہ تینوں پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔ وزیراعظم کے بچوں نے پاناما لیکس کیس میں عمران خان کے سپریم کورٹ میں پیش کردہ شواہد کو چیلنج کر دیا۔
وزیراعظم کی قانونی ٹیم بھی کل درخواست دائر کرے گی۔ ایم اکرم شیخ نے عدالت سے استدعا کی کہ دستاویزی شہادتیں غیر متعلقہ ہونے کی بنا پر مسترد کرکے پی ٹی آئی کی درخواست خارج کی جائے۔