متحدہ اپوزیشن کے سامنے علی محمد خان کی دھواں دھار تقریر

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 10, 2022 | 17:26 شام

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد حکومت کی نمائندگی کرنیوالے واحد رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے انتہائی جوشیلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے حکومت قربان کی ہے لیکن غلامی قبول نہیں کی، عمران خان کا گناہ یہ ہے کہ اس نے سامراج کے سامنے کھڑے ہوکر ایبسولوٹلی ناٹ کہا، مجھے اس بات پر فخر ہے میرا لیڈر کھڑا رہا، جھکا نہیں، بکا نہیں، ڈرا نہیں، عمران خان عوام کی طاقت سے ایک بار پھر اسی کرسی پر دوتہائی اکثریت سے براجمان ہوگا۔

حکومتی رکن علی

محمد خان نے قومی اسمبلی میں انتہائی جذباتی اور ولولہ انگیز تقریر کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کا قول ہے کہ مسلمان ہار ماننے کیلئے پیدا نہیں ہوا، وہ بابر اور سلطان ٹیپو بنتا ہے اور شہادت قبول کرتا غلامی قبول نہیں کرتا، مجھے عمران خان کا ساتھی ہونے پر فخر ہے، عمران خان نے حکومت قربان کی ہے لیکن غلامی قبول نہیں کی، آپ کے چہروں پر خوشی ہے اللہ آپ کو خوش رکھے، آج کا دن فضل الرحمان سمیت لوگوں کیلئے بہت سے سوال چھوڑے جارہا ہے، وہ عمران خان کو یہودی اور امریکی ایجنٹ کہتے تھے، وہ کیسا ایجنٹ تھا جسے ہٹانے کیلئے امریکا نے ایڑی چوٹی کا زور لگادیا، عارضی ناکامی شکست کا متبادل نہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے ان کے خطاب کے دوران شدید نعرے بازی کی گئی، جس پر انہوں نے کہا کہ میں آپ کی تنقید اور ہوٹنگ برداشت کروں گا، آپ کی خواہش تھی کہ عمران خان کی حکومت ختم ہو، انشاء اللہ عمران خان ایک بار پھر اس کرسی پر آئے گا، دو تہائی اکثریت سے آئے گا، برداشت کریں تھوڑا صبر کریں، عمران خان کا گناہ یہ ہے کہ اس نے دو مرتبہ مسلم دنیا کو یہاں جمع کیا، ہم دشمن نہیں ہیں، ہم نے مل کر پاکستان بنانا ہے لیکن آپ کے نظریے اور طریقے سے اتفاق نہیں، عمران خان نے مسلم بلاک کی بات کی، آزاد خارجہ پالیسی کی بات کی یہی ان کا گناہ ہے، روس صرف بہانہ ہے، عمران خان نشانہ ہے۔

علی محمد خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا گناہ یہ ہے کہ اس نے وزیراعظم پاکستان ہوتے ہوئے ختم نبوت اور مسلم امہ کی بات کی، سامراج کے سامنے کھڑے ہوکر ایبسولوٹلی ناٹ کہا، کیا آپ میں ہمت ہے، دنیا نے وہ وقت بھی دیکھا امریکی بوٹ آئے اور ایبٹ آباد آپریشن ہوا اور ایک وقت یہ ہے کہ وہاں عمران خان کی حکومت گرانے کے منصوبے بناتے اور کہتے رہے کہ عمران خان کی حکومت نہ گری تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا، گر گئی تو پاکستان کو معاف کردیں گے، ہم اللہ سے معافی کے خواستگار ہیں امریکا سے معافی کے طلبگار نہیں، آپ کی جیت گریس سے برداشت کریں گے۔ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے میرا لیڈر کھڑا رہا، جھکا نہیں، بکا نہیں، ڈرا نہیں، آخری گیند تک کھڑا رہا، آپ عمران خان کا کیا مقابلہ کرو گے، اس کا ایک سپاہی یہاں آپ کے بیچ کھڑا ہے، میری دعا ہے پاکستان آگے بڑھتا رہے، حق آتا ہے تو باطل مٹ جاتا ہے، عمران خان عوام کی طاقت سے ایک بار پھر اسی کرسی پر دوتہائی اکثریت سے براجمان ہوگا۔