ریڈوارنٹ مسئلہ کا حل نہیں ، الطاف بھائی کی سیاست ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ۔۔۔۔۔ ایک شاندار تجویز منظر عام پر آگئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 09, 2017 | 07:03 صبح

لاہور (ویب ڈیسک) حکومت اگر الطاف حسین کو ان کے جرائم کی سزا دلوانا چاہتی تھی تو ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اس کے پاس اس بات کا سنہرا موقع تھا۔ اگر حکومت پاکستان وہ شواہد اور افراد برطانیہ کے حوالے کر دیتی جو اس قتل میں ملوث ہیں اور بنیادی کردار کی حیثیت رکھتے ہیں تو یہ ممکن تھا کہ برطانیہ میں الطاف حسین یا ان کے قریب ترین ساتھیوں کو قتل جیسے سنگین جرم میں سزا

دلوائی جا سکتی۔ اس طرح ایم کیو ایم یا الطاف حسین یہ دعویٰ کرنے سے بھی قاصر رہتے کہ پاکستان کی عدالتوں نے ناموافق فیصلہ کرکے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ہے۔ تاہم حکومت اس مقدمہ کے اہم کرداروں کو اپنے کسی ’’سیف ہاؤس‘‘ میں محفوظ رکھنے پر بضد رہی۔ جب انہیں سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا تو انہیں اچانک افغانستان کے بارڈر سے گرفتار کروا کے، پاکستان میں ہی ان کے خلاف ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے مقدمہ کا آغاز کر دیا گیا۔ حالانکہ لندن میں ہونے والے جرم پر جب برطانوی پولیس مقدمہ قائم کرنے کےلئے بے چین تھی اور اسے بعض اہم گواہوں کی ضرورت تھی تو انہیں برطانوی پولیس کے حوالے کرنے سے گریز کا مقصد الطاف حسین کو کسی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رکھنے کے سوا کیا ہو سکتا ہے۔

ایم کیو ایم کو گروہوں میں بانٹنے اور پاک سرزمین پارٹی کھڑی کرنے کے باوجود ملک کے حکمران یہ محسوس کر رہے ہیں کہ الطاف حسین کو سیاسی طور پر تنہا کئے بغیر اور انہیں کسی نہ کسی الزام میں پاکستانی جیل میں بند کئے بغیر شاید کراچی کی ’’حکمرانی‘‘ واپس لینا دشوار ہو۔ الطاف حسین کی گرفتاری کےلئے موجودہ ریڈ وارنٹ کو اسی خواہش اور کوشش کے طور پر دیکھا جائے گا لیکن کوئی بھی سیاسی لیڈر جو عوام میں بدستور مقبول ہو اور لوگ اس کی بات پر اعتبار کرنے پر تیار ہوں، اس وقت تک بے توقیر نہیں ہو سکتا جب تک انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے اسے مسترد نہ کر دیں۔ پاکستان کی حکومت کو اگر یقین ہے کہ کراچی کے عوام کے سامنے الطاف حسین کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ شہر میں امن بحال کرکے اور ایم کیو ایم کے زہریلے دانت نکال کر شہریوں کو محفوظ کر دیا گیا ہے۔ یعنی قتل و غارتگری کا سلسلہ بند ہو چکا ہے اور ایک پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوگ بھتہ خوری کے ذریعے کراچی کے باشندوں کا جینا حرام کرنے کے قابل نہیں ہیں تو انہیں اس بات کا بھی یقین ہونا چاہئے کہ 2018 کے انتخابات میں کراچی اور حیدر آباد کے شہری یا مہاجر ووٹر الطاف حسین کے مقرر کردہ نمائندوں کو ووٹ دینے کی بجائے ان لوگوں کو ووٹ دیں گے جو الطاف حسین کو مسترد کرتے ہیں اور قتل سے لے کر ہر جرم کا ذمہ دار اس ایک شخص کو قرار دیتے ہیں۔

اگر حکومت اور اس کے اشارے پر نمودار ہونے والے ایم کیو ایم کی مختلف صورتوں کو یہ یقین نہیں ہے کہ وہ کسی بھی انتخاب میں الطاف حسین کو شکست دینے کے قابل  ہیں تو الطاف حسین کو کٹہرے میں کھڑا کرکے یا جیل کی کوٹھری میں ڈال کر بھی یہ کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ سیاست میں جب ایک مقبول لیڈر کے سحر کو توڑنے کےلئے سرکاری قوت و اختیار استعمال کیا جاتا ہے تو اس کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔ عوام اس لیڈر کے خلاف عائد کئے گئے الزامات پر یقین نہیں کرتے۔ اس طرح ایسے لیڈروں کے خلاف اختیار کئے گئے ہتھکنڈے ناکام ہو جاتے ہیں۔ الطاف حسین کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا اثر بھی اس سے مختلف ہو گا جو نتیجہ حاصل کرنے کےلئے یہ اقدام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الطاف حسین کی سیاسی قوت ختم کرنے کےلئے ملک کے مہاجر ووٹر کو یقین دلانا ہوگا کہ کوئی دوسرا لیڈر بھی ان کے مفادات کا تحفظ کر سکتا ہے۔ جب تک کوئی سیاسی پارٹی یا لیڈر یہ اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا، الطاف حسین بہرصورت زندہ رہے گا۔ بھلے اس کی کتنی ہی کردار کشی کرنے کی کوشش کی جائے۔