”ایسے نہیں چلے گا“،عامرلیاقت پھنس گئے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 21, 2017 | 11:34 صبح
اسلام آباد(مانیٹرنگ )پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم نے نجی ٹی وی چینل بول نیوز کے میزبان عامر لیاقت حسین کے خلاف شہری جبران ناصر ایڈووکیٹ کی درخواست پر نوٹس لینے کی یقین دہانی کروا دی ہے ،عامر لیاقت حسین بول نیوز پر ”ایسے نہیں چلے گا“کے عنوان سے پروگرام کرتے ہیں۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میں نے لاپتہ ہونے والے بلاگرسلمان حیدر اور وقاص گورایہ کے رشتہ داروں نے میرے ساتھ اسلام آباد نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی پوزیشن واضح کی تھی اور کہا تھاکہ ان کا سلمان حیدر اور وقاص گورایہ کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اسی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے 19جنوری 2017ءکی شب نشر ہونیوالے پروگرام میں مجھے جھوٹا،مکار اور عیار کہا ہے اور ساتھ ہی مفتی فیصل بارے ناظرین کو یقین دلانے کی کوشش کی ہے کہ وہ کسی مدرسہ سے فارغ التحصیل نہیں ہیں۔ میرے بارے میں کہا گیا گیا کہ میں جیو کے اینٹی پاکستان ایجنڈے پر کام کررہا ہوں جس کے وہ خود ملازم رہے ہیں،انہوں نے میرے عقیدے کو جھٹلاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ میں ہی فیس بک پیج”بھینسا“کا ایڈمن ہوں اور اسے چلا رہا ہوں۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ میرے خلاف بے بنیاد اور غلط الزامات لگائے جارہے ہیں،ان کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی جائے،پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم نے درخواست موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کارروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔