کیلی فورنیا مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 25, 2016 | 18:43 شام

واشنگٹن (شفق ڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا میں سیاحوں سے بھری بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں مسافر بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے جبکہ ٹرالر ڈرائیور سمیت بیشتر افراد کی حالت تشویشناک ہے، پولیس۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر پام اسپرنگ میں سیاحوں کی بس اور ٹرالر کے درمیان ہونے والے تصادم میں 15 افراد ہلاک جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ مقامی پولیس حکام کیمطابق سیاحوں کی بس لاس اینجلس سے واپس آرہی تھی کہ پام اسپرنگ ہائی وے پر حادثے کا شکار ہوگئی۔ امدادی ٹیموں کے رضا کاروں اور پولیس کا کہنا ہے کہ مسافربس کی رفتار انتہائی تیز ہونے کے باعث ٹریکٹر ٹرالر بس میں 15 فٹ اندر تک جا گھسا جس کے باعث رضاکاروں کو بس کے اندر جانے اور لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں بھی بس حادثہ رونما ہوا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور44 زخمی ہو گئے۔