امریکا: شدید طوفان کی زد میں آگیا ، درجنوں افراد ہلاک ، ایمرجنسی نافذ کر دی گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 23, 2017 | 06:22 صبح

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی  ریاست جارجیا کے ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ شدید طوفان کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست جارجیا کے گورنر نیتھن ڈیل کا کہنا ہے کہ ریاست کے چار علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔قومی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ جارجیا اور فلوریڈا میں مزید طوفان اور بگولوں کا امکان ہے۔

جارجیا ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے کہا ہے کہ جارجیا میں ہلاک ہونے والے 12 افراد کا تعلق جنوبی کک، بروکس اور بیرن کے علاقوں میں سے تھا۔ان میں سے سات افراد ایک عارضی مکان میں رہائش پذیر تھے جب طوفان ان کے مکان سے ٹکرایا۔ہنگامی ادارے کہ اہلکار ٹم پرویس کے مطابق ایک پارک میں تقریباً 40 کے قریب عارضی مکانات تھے جن میں سے نصف تباہ ہو چکے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر گورنر نیتھن ڈیل کے ساتھ بات چیت میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ کو مسی سپی ریاست میں طوفان کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔