سابق مس امریکہ اور ٹی وی اینکر پر چوری کا الزام

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 06, 2016 | 18:52 شام

لاس اینجلس (شفق ڈیسک) امریکی ریاست لاس اینجلس کے ائرپورٹ پر معروف ٹی وی اینکر پرسن اور سابق مس امریکا کو ہیڈ فونز کی چوری کے شبے میں گرفتارکر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ امریکی ریاست لاس اینجلس کے انٹرنیشنل ائرپورٹ پر48 سالہ سابق مس امریکا اور ٹی وی اینکر پرسن لو پاریکر کو اس وقت پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا جب ان پرایک ہیڈ فونز چوری کئے جانے کا الزام لگایا گیا جو ایک آف ڈیوٹی جاسوس پولیس کا تھا۔ ٹی وی اینکر پرسن لوپاریکر کو گرفتاری کے بعد پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا جہاں ان پرچوری کا مقدمہ بھی

درج کیا گیا تاہم کچھ دیر بعد ہی انہیں رہا کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوپاریکر پر سکیورٹی کاؤنٹر سے ہیڈ فونز چرانے کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ انکی گرفتاری بورڈنگ پاس جاری ہونیکے بعد ایک عام شہری کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ لوپاریکر اپنے بیمار والد کی عیادت کیلئے جا رہی تھیں، ہمیں یقین ہے کہ یہ ایک غلط فہمی ہو گی، وہ بھی تحقیقات میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہیں جبکہ امید ہے کہ انہیں کلین چٹ دیدی جائیگی۔ دوسری جانب ٹی وی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انکی اینکر جب سکیورٹی چیکنگ کی لائن میں کھڑی تھیں تو انہوں نے دیکھا کہ کوئی اپنے ہیڈ فونز چھوڑ گیا تاہم وہ ہیڈ فونز کے مالک کو دیکھ رہی تھیں کہ انہیں چوری کے شک میں گرفتار کیا گیا۔