حقیقی کپتان نے خود نواز شریف کو بھی کپتان قرار دے دیا۔۔ تفصیلات اس خبر میں
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 25, 2016 | 12:34 شام
صوابی (مانیٹرنگ رپورٹ ) پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں اگر کرپشن کرنے والوں کی ٹیم بنائی گئی تو نواز شریف اس کے کپتان اور مولانا فضل الرحمان وائس کپتان ہوں گے۔
صوابی میں جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ سی پیک پرتمام پاکستانیوں کو مبارک باد دیتا ہوں کیونکہ یہ ایسا منصوبہ ہے جو ملک کا مستقبل روشن کردے گا، اس سے پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا، ہمارا مسئلہ چین سے نہیں وفاقی حکومت سے ہے ، ہمیں سی پیک پر وفاق سے تحفظات ہیں، چین ہمیشہ سے پاکستان کا دوست ہے، دوست وہی ہوتا ہے جو مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہوتا ہے، چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وزیراعظم اپنی زبان کے پکے نہیں، وزیراعظم نے اے پی سی میں پہلے مغربی روٹ بنانے کا وعدہ کیا، اب کہا جارہا ہے کہ خیبرپختونخوا سی پیک کا حصہ نہیں، بلوچستان، خیبرپختونخوا اورسندھ کو ان کا حق ملنا چاہئے، کیونکہ جب حق نہیں ملتا تو انتشار پیدا ہوتا ہے، سوئٹزر لینڈ میں 3 قومیں بستی ہیں لیکن تمام قوموں کو یکساں حق ملتا ہے، اس لیے کبھی کسی نے علیحدہ ملک کا مطالبہ نہیں کیا۔ اگرہم حقوق دیتے تومشرقی پاکستان الگ نہ ہوتا، بلوچستان میں اربوں روپے سیکیورٹی پرخرچ ہورہے ہیں کیونکہ وہاں انصاف نہیں کیا گیا۔اس کے حق سے محروم کیا گیا، بلوچستان میں غربت کم ہوتی تو پورے پاکستان کو فائدہ ہوتا۔ بلوچ عوام اپنا حق مانگ رہے ہیں، چھوٹے صوبے مل کر وفاق سے سی پیک کے بارے میں پوچھیں۔