ریحام خان بھی باکسر محمد عامر کی اہلیہ کی حوصلہ افزائی میں سامنے آگئیں۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 20, 2016 | 10:49 صبح


اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) باکسر محمد عامر کے اور اہلیہ کے تنازع نے ریحام خان کو بھی بولنے پر مجبور کر دیا۔ کہتی ہیں کہ کسی عورت کو گھریلو تشدد کا نشانہ بناناافسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان بھی باکسر محمد عامر کی اہلیہ فریال مخدوم کی حوصلہ افزائی میں سامنے آگئیں ، اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ ایک عورت کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جائے اور اس کے بعد یہ امید کرنا کہ وہ اسے خاموشی سے برداشت کر لے اور بھی مایوس کن عمل ہے۔گھریلو تشدد کا نشانہ بننے کے بعد عورت سے ظلم کو خاموشی سے برداشت کرنے کی امید رکھنا اور بھی غلط ہے۔ 
واضح رہے کہ فریال مخدوم کی جانب سے سسرال والوں پرسنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، اگربہو کو گالیاں دینی اوربرا بھلا کہنا ہےتو بیٹوں کی شادی کیوں کی جاتی ہے۔ فریال نے یہ سوالات بھی اٹھائے تھے کہ بیٹے کو اکسایا جائے کہ بیوی کو طلاق دو اور اگربیٹا نہ مانے تو اسے کوسا جائے۔
ریحام خان نے مزید کہا کہ عورت جب بھی احتجاج کرتی ہے تو اس کے پیچھے کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہوتی ہے اور ایسے میں متاثرہ خاتون کی بجائے ان کی مذمت کی جانی چاہیئے جو عورت کو احتجاج کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔