آسیہ اندرابی گرفتار
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 04, 2016 | 19:45 شام
سری نگر(مانیٹرنگ)مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کی تنظیم دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی کو گرفتار کر لیا۔ سیکیورٹی حکام کئی ہفتوں سے انہیں تلاش کررہے تھے۔پولیس اور دختران ملت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اندرابی کو، جو علیل ہیں، سری نگر کے کرل خود کے علاقے سے حراست میں لیے جانے کے فوری بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔54 سالہ خاتون راہنما،جو لوگوں کے اجتماعات میں ہمیشہ سیاہ برقعے میں ملبوس ہوتی ہیں، بھار تی کنٹرول کے کشمیر میں جاری شورش میں بھارتی حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے کردار پر شدید نکتہ چینی کرتی رہی ہیں۔ان کے شوہر عاشق حسین فاکتو عرف محمد قاسم جو عسکریت پسند گروپ حزب المجاہدین کے بانی رکن اور کالعدم گروپ دینی محاذ کے سربراہ ہیں، 1992 سے جیل میں ہیں۔دختران ملت کی سیکرٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے اندرابی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گرفتاری بھارتی قبضے سے کشمیر کی آزادی کے لیے ان کی جدوجہد کو ختم نہیں کرسکتی۔ایک اور خبر کے مطابق منگل کے روز جنوبی کل گام کے علاقے یاری پورا کے ایک پولیس اسٹیشن پر مبینہ طور پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا جس کے بعد وہاں سیکیورٹی فورسز کی کمک بھیجی گئی۔بھارتی کشمیرمیں پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 57 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔