پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کے پیچھے عمران خان کی سوچ کارفرما ہے، مریم اورنگزیب

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 27, 2017 | 18:23 شام

 

 اسلام آباد:(مانیٹرنگ)وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے پرویز رشید کی افادیت ختم کر کے رکھ دی وہ عمران خان پر سب سے زیادہ تندوتیز لہجے میں برستی ہیں،جس سے انہیں پارٹی قیادت کا اعتماد حاصل ہے۔وہ عمران خان کے بارے  سخت الفاظ استعمال کرتی ہیں تو ان کے چہرے پر غصہ نمایاں ہوتا ہے۔اس بنا پر انہیں انگری گرل کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔ کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کے پیچھے عمران خان کی سوچ ہے جس کے وڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔ 

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کا پاناما لیکس سے کوئی تعلق نہیں، سپریم کورٹ میں مخالفین کی جانب سے کاغذ لہرا کر کہا جا تا ہے یہ ثبوت ہیں اوران کیسز کا ذکر کیا گیا جن سے وزیراعظم بری ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مخالفین مریم نوازاوراسحاق ڈار سے خوف زدہ ہیں، اسحاق ڈارکی قابلیت کی پوری دنیا تعریف کررہی ہے اسحاق ڈار ایسے کئی سوالات کےجواب دے چکے ہیں اسحاق ڈارجیسی قابلیت پی ٹی آئی کے کسی رکن میں نہیں۔

وزیرمملکت نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ عدلیہ میں نواز شریف 3 نسلوں کا حساب دے رہے ہیں جب کہ عمران خان سے صرف اپنا جواب نہیں دیا جا رہا وہ اب سپریم کورٹ سے فرار ہونے کی تیاری کر رہے ہیں یہ لوگ 2018 میں بھی نواز شریف کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ذہنی حالت مسترد شدہ شخص کی عکاسی کرتی ہے جس پر صرف افسوس ہی کیاجاسکتا ہے، پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کے پیچھے بھی عمران خان کی سوچ ہے، ماضی میں انہوں نے پارلیمنٹ پرباہرسے حملہ کیا تھا اور گزشتہ روز پارلیمنٹ کے اندر حملہ کیا ۔تحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کے وڈیو شواہد موجود ہیں۔