شہدائے اے پی ایس کی یاد میں تقاریب کا انعقاد

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 16, 2016 | 19:33 شام

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک):شہدائے آرمی پبلک اسکول پشاور کی یاد میں ملک بھر کے مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی گئیں جبکہ شام ہوتےہی متعدد مقامات پر سانحے کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔سانحۂ اے پی ایس پراسلام آبادمیں تقریبات ہوئیں، اسلام آباد کے ماڈل کالج میں منعقدہ تقریب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہاکہ اے پی ایس کے شہداء کی قربانی ملک میں بڑی تبدیلی لے کر آئی۔وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے کینسر سے کافی

حد تک پاک ہو چکاہے۔وزیراعظم کے سیاسی مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی کہتے ہیں کہ دہشت گردی کےناسور کو پاکستان سے نکال پھینکنے کا عہد ان پھول سے بچوں کی شہادت کےفوری بعد کیا گیا،2013 ءمیں دہشت گردی کے 2078 واقعات ہوئے، آج سالانہ 200 سے بھی کم ہیں، دہشت گردی کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نےکہا کہ سانحہ پشاور نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نئی سمت دی،صرف تقاریب نہیں وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات کیے، افواج پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم کے ویژن کو پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر آصف کرمانی نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی تقریب میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو کبھی آبدیدہ نہیں دیکھا لیکن درندوں کے بچوں پر بہیمانہ ظلم پروہ آبدیدہ ہوگئے اور ملک کے کونے کونے کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کا تہیہ کر لیا۔لاہور میں لاہورگیریژن اکیڈمی میں بھی اے پی ایس پشاور کے شہداء کی یاد میں تقریب ہوئی جس میں خطاب کرتے ہوئے کورکمانڈرلاہورلیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کو کچلنے کے لیے متحد ہے، پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے شدت پسندی کا ناسورجڑسے اکھاڑپھینکنے کا عزم کررکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آرمی پبلک اسکول میں ایک سو47 بچوں اورٹیچرزکی شہادت ایسا المناک سانحہ تھا جس نے عالمی ضمیر کو جھنجوڑکررکھ دیا۔کورکمانڈر لاہور کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ثابت کردیا کہ دہشت گرد اور انتہاپسند باہمت قوم کو شکست نہیں دے سکتے،امن وامان کی صورت حال بہترہونے کے بعد ملک میں ترقی اورخوشحالی کا سفرجاری ہے۔تقریب میں بچوں نے شہدا کی یادمیں ٹیبلوز بھی پیش کئے، کور کمانڈر لاہور نے شہید بچوں کی یاد میں پودابھی لگایا۔شام ہوتے ہی سانحہ اے پی ایس شہدا کی یاد میں کراچی میں سی ویو پر شمعیں روشن کی گئیں، سول سوسائٹی کے تحت منعقدہ تقریب میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔