بھارتی فوجی نے جرنیلوں کا راز فاش کر دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 09, 2017 | 19:02 شام

دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک):بھارتی فوجی خالی پیٹ رہتے ہیں، تبھی تو بھارتی جرنیل پاکستان کو خالی خولی دھمکیاں دیتے ہیں،بھارتی فوجی نے اپنی فوج اور اس کے جرنیلوں کا بھانڈا پھوڑ دیا، اپنی بے بسی کی ویڈیو بناکر فیس بک پر ڈال دی۔بی ایس ایف کی 29ویں بٹالین کے اہلکار تیج بہادر یادیو کا ویڈیو میں کہنا ہے کہ سرحد پر تعینات فوجیوں کو ناشتے میں بس ایک پراٹھا ملتا ہے، دوپہر کو صرف نمک اور ہلدی والی پتلی دال، ہلکی چپاتیاں، شام کو کھانا کبھی ملتا ہے، کبھی نہیں ملتا، فوجیوں کو بھوکا سونا پڑتا ہے۔تیج بہادر نے انکشاف کیا ہے کہ گودام خوراک سے بھرے ہوتے ہیں اور بڑے افسر انہیں بیچ کر پیسے کھرے کرلیتے ہیں لیکن سپاہی بھوکے رہتے ہیں۔بی ایس ایف اہلکار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دنیا کو سچ بتانے کی پاداش میں اسے نقصان پہنچایا جاسکتا ہے۔