حویلیاں طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 12, 2017 | 13:40 شام

اسلام آباد(مانیٹرنگ)سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے طیارے پی کے 661 کے بلیک باکس سے حاصل ہونے والی معلومات پر مبنی رپورٹ جاری کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق حویلیاں طیارہ حادثہ کیس کے حوالے سے یہ رپورٹ سامنے آئی ہے کہ ٹیک آف کرتے وقت طیارے کے دونوں انجن 100 فیصد درست کام کررہے تھے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق کا اجلاس جمعرات کو ہوا جس میں سی اے اے کے سیکریٹری عرفان الٰہی نے رپورٹ کی تفصیلات ارکان کے ساتھ شیئر کیں۔سیکریٹری نے

بتایا کہ رپورٹ کے مطابق چترال سے ٹیک آف کرتے وقت طیارے کے دونوں انجن 100فیصد ٹھیک تھے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب طیارہ حادثے کا شکار ہوا تو اس وقت بھی طیارے کا ایک انجن کام کررہا تھا لیکن حادثے کی اطلاع آنے سے قبل طیارے کو لینڈ کرانے کی کوئی وشش نہیں کی گئی۔سیکریٹری سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارے کے بلیک باکس کا 100 فیصد ڈیٹا محفوظ رہا جبکہ اس کا جائزہ آزادانہ طور پر لیا گیا اور سی اے اے یا پی آئی اے نے اس میں کوئی مداخلت نہیں کی۔بلیک باکس کی رپورٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے سیکریٹری سی اے اے نے بتایا کہ 4 بج کر 12 منٹ پر پائلٹ نے پہلی کال کی، پہلی کال میں پائلٹ کی آواز بالکل پرسکون تھی، پہلی کال کے 2 منٹ بعد ہی پائلٹ نے مے ڈے کال دی۔رپورٹ کے مطابق 4 بجکر 14 منٹ پر پائلٹ نے بتایا کہ طیارے کا ایک انجن کام چھوڑ چکا ہے جبکہ 4 بجکر 17 منٹ پر طیارہ جنوب کی بجائے مشرق کی طرف مڑگیا تھا اور اس موقع پر کنٹرول روم نے پائلٹ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی۔رپورٹ کے مطابق 4 بج کر 17 منٹ پر پائلٹ نے آخری کال کی اور اس کے 10 سے 15 منٹ بعد طیارہ گرجانے کی اطلاع موصول ہوگئی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طیارے نے لینڈنگ کی کوئی کوشش نہیں کی تھی، طیارے کا ملبہ اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔سیکریٹری سول ایوی ایشن نے بتایا کہ وزیراعظم نے اسی طیارے میں ایک ہفتہ پہلے گوادر کا دورہ کیا تھا، تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ایک انجن درست ہونے پر حادثہ کیسے ہوا۔واضح رہے کہ 7 دسمبر 2016 کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 661 چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حویلیاں کے قریب پہاڑ پر گر کر تباہ ہوگئی تھی۔اس حادثے میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت 48 مسافر جان کی بازی ہارگئے تھے جن میں معروف نعت خواں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔