لاہور میں مارے گئے دہشت گرد کی شناخت‘ ساتھی ملزمہ ایم بی بی ایس کی طالبہ؟

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 16, 2017 | 10:04 صبح

لاہور (مانیٹرنگ رپورٹ) لاہور کے علاقہ فیکٹری ایریا میں حساس اداروں نے پنجاب ہاﺅسنگ سوسائٹی میں آپریشن کیا اور ایک گھر میں موجود دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد ایک دہشت گرد مارا گیا اور ایک خاتون گرفتار ہوئی جس کی شناخت ہو گئی ہے جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ ساتھی ملزمہ گرفتار کر لی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد ملزمہ کی شناخت نورین لغاری کے نام سے ہوئی ہے جو ایم بی بی ایس کی طالبہ ہے اور اڑھائی ماہ سے گھر سے لاپتہ تھی۔ اس کے والد عبدالجبار کا شناختی کارڈ بھی جائے وقوعہ سے ملا ہے۔ ملزمہ کا تعلق حیدرآباد کے علاقے ذیشان پلازہ حسین آباد سے ہے۔ اس کے والد عبدالجبار نے متعلقہ پولیس سٹیشن میں بیٹی کے لاپتہ ہونے کی درخواست بھی دی تھی۔ تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ دہشت گرد دو ماہ سے پنجاب سوسائٹی میں رہائش پذیر تھے جبکہ اس سے قبل بھٹہ چوک پر واقع علی پارک ویو سوسائٹی میں مقیم تھے۔ پولیس اور حساس اداروں کو لاہور میں 6 دہشت گردوں کی اطلاع ملی تھی۔ دہشت گرد خاتون کالعدم تنظیم داعش کیلئے کام کر رہی تھی۔ دہشت گرد نے لاہور میں ایسٹر کے موقع پر یوحناآباد کے بہار کالونی سمیت دیگر گرجاگھروں کو نشانہ بنانا تھا۔ نورین لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کی طالبہ ہے۔ این این آئی کے مطابق دہشت گردوں کو مکان کرائے پر دینے کیلئے گارنٹی دینے والے شخص سمیت تین افراد کو بھی تحقیقات کیلئے حراست میں لے لیا گیا۔ آج ایسٹر کیلئے سکیورٹی پلان کو ازسرنو ترتیب دیکر گرجاگھروں اور دیگر مقامات پر پولیس اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔