”بھٹو“ کو زہر دینے کے الزام میں ”ریما“ گرفتار

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 30, 2017 | 13:33 شام

سکھر (مانیٹرنگ رپورٹ) شکارپور پولیس نے شوہر کو زہر دینے کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ ریما بھٹو پر الزام ہے کہ اس نے 22 جنوری کو اپنے شوہر نثار احمد بھٹو کو زہر دیا جس کے بعد وہ ہسپتال میں علاج کے دوران 25 جنوری کو ہلاک ہو گیا۔
 
نثار احمد بھٹو حاجی لطیف شاہ محلہ کا رہائشی اور پھول بیچنے کا کام کرتا تھا اور اس کی 15 دن پہلے وٹہ سٹہ میں ریما سے شادی ہوئی تھی۔ 22 جنور ی کی رات کو ریما نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو زہر ملا دودھ دیدیا جسے پینے پر نثار نے معدے میں درد کی شکایت کی جس پر اسے شکارپور ہسپتال لے جایا گیا۔ سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث اسے نجی ہسپتال لے جایا گیا۔ 23 جنوری کو اسے سکھر ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور پھر اسے کراچی کے ایک ہسپتال بھیج دیا گیا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملا۔
نثار کی والدہ سلمیٰ اور منظور بھٹو کی بیوی نے لکھی ڈیر پولیس سٹیشن میں اپنی بہو ریماکے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس نے اس کے بیٹے کو زہر دے کر مار دیا ہے۔ لکھی ڈیر پولیس نے پیر واصل شاہ میں واقع ریما کے والدین کے گھر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کر لیا ہے۔
 
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ریما نے دوران تفتیش اپنے شوہر کے دودھ میں زہر ملانے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزمہ کا کہنا ہے کہ ان کی شادی وٹہ سٹہ کی رسم کے تحت 15 روز قبل ہوئی۔ وہ اپنے شوہر کو پسند نہیں کرتی تھی اس لئے اسے زہر دے کر مار دیا۔