ارشد خان کو گھر والوں نے شوبز انڈسٹری میں کام کی اجازت دینے کے لیے ایسی شرائط رکھ دی کہ آپ بھی دنگ رہ جائے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 07, 2017 | 21:19 شام
لاہور(مانیٹرنگ رپورٹ ) ارشد خان کے بارے میں لوگ تو یہ سوچ رہے تھے کہ اس کی جانب سے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان حتمی ہے اور اب وہ کبھی دوبارہ ٹی وی یا سوشل میڈیا پر نظر نہیں آئے گا لیکن ارشد خان کو اس کے گھر والوں نے ایک شرط پر شوبز میں کام جاری رکھنے کی اجازت دیدی ہے۔
ذرائع کے مطابق ارشد خان کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ صرف اس شرط پر شوبز اور فلموں میں کام کر سکتا ہے کہ بولڈ مناظر نہیں فلمائے گا اور مسکان جے کیساتھ جاری ہونے والی تصاویر جیسا دوبارہ کوئی ’سین‘ نہیں ہو گا۔ ”چائے والا“ کی انتظامیہ کے مطابق ارشد خان جلد ہی اس بارے میں باقاعدہ اعلان کریں گے اور فلم ”کبیر“ میں شرکت سے متعلق بھی لوگوں کو آگاہ کریں گے۔ ارشد خان کے منیجر ’رضوان کاظمی‘ نے مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ”یہ سب کچھ اس وقت شروع ہوا جب ارشد خان کی ٹیم کے ایک ممبر نے سوشل میڈیا پر اس کی تصاویر لیک کیں اور پھر مردان میں مکین اس کے گھر والوں کو دکھا دیں۔ ارشد ایک مذہبی فیملی کیساتھ تعلق رکھتا ہے اس لئے ان تصاویر نے اچھا تاثر نہ ڈالا اور انہوں نے فوراً ارشد کو شوبز میں کام کرنے سے روک دیا کہ اس سے خاندان کا نام بدنام ہوا ہے۔“ کاظمی نے مزید بتایا کہ ارشد خان نے اپنے رشتہ داروں کو منا لیا ہے اور اپنے والد سے وعدہ کیا ہے کہ کہ آئندہ کبھی بھی اس قابل اعتراض فوٹوشوٹ میں حصہ نہیں لے گا۔ کاظمی کا کہنا تھا کہ ”ہم نے اپنی ٹیم سے اس شخص کو بھی نکال دیا ہے جس نے تصاویر لیک کی تھیں، کیونکہ ارشد خان کو بالکل بھی علم نہیں تھا کہ کب اور کیسے تصاویر لیک کی گئیں اور اس سے اس کی شہرت پر کیا اثر پڑے گا۔“ دوسری جانب کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد خان نے درحقیقت شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے اور وہ قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے فلم کبیر کی شوٹنگ مکمل کروا رہا ہے۔ ”ارشد خان نے فلم کبیر کی شوٹنگ مکمل کروانے کی یقین دہانی کرانے کیلئے اپنے خاندان کے 6 افراد کے ہمراہ ایک کنٹریکٹ بھی سائن کیا ہے۔ فلم کی 40 فیصد شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی کام کا آغاز 20 جنوری سے کیا جائے گا۔“