مارشل آرٹ کے ماہر پاکستانی عرفان محسود کا پانچواں عالمی ریکارڈ قائم ۔
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 26, 2016 | 17:49 شام
مانیٹرنگ ڈیسک:۔پاکستان میں وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کھلاڑی محمد عرفان محسود نے مارشل آرٹ کے شعبے میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔محمد عرفان محسود نےاپنی کمر پر چالیس پاؤنڈ وزن رکھ کر، ایک ٹانگ ہوا میں اٹھا کر، نکلز یعنی انگلیوں کے ہتھیلی کے ساتھ جوڑ کے بل پر ایک منٹ میں سب سے زیادہ پش اپ لگانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے جسے گنزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ انھوں نے اس انداز میں ایک منٹ میں 21 پش اب لگائے۔اس کے علاوہ محمد عرفان محسود نے حالیہ دنوں میں دیگر چار ریکارڈ بھی قائم کیے ہیں جن کی گنزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں شمولیت متوقع ہے۔ ان میں اپنے اوپر وزن رکھ کر ایک خاص دورانیہ کے دوران پش آپس نکالنے کے تین عالمی ریکارڈ اور ایک پاؤں ہوا میں اور ایک زمین پر رکھ کر پش آپس نکالنے کا اعزاز شامل ہے۔گنز بک آف ورلڈ ریکارڈز عرفان محسود کو ایک ’سیرئل ریکارڈ بریکر‘ یعنی مسلسل ریکارڈ توڑنے والا کھلاڑی بھی قرار دیتی ہے۔یاد رہے کہ تقریباً سات سال قبل جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے گاؤں حلال گھٹ سے بے گھر ہونے والے عرفان محسود نے دو ماہ قبل بھی ایک ٹانگ پر کھڑے ہوکر گھٹنے سے ایک منٹ میں 87 ککس لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔26 سالہ محمد عرفان محسود کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے اب تک پانچ عالمی اعزازت حاصل کیے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی طرف سے یہ تمام ریکارڈز تقریباً چالیس دنوں کی قلیل مدت میں بنائے گئے ہیں جو اس سے پہلے کسی اور کھلاڑی نہیں کیا۔انھوں نے کہا کہ 'مجھے بچپن سے مارشل آرٹ سے جنوں کی تک حد شوق تھا اور خاص کر جیکی چن کی فلمیں دیکھ کر میرے میں مارشل آرٹ سیکھنے کا جذبہ پیدا ہوا۔'انھوں نے کہا کہ وہ ڈیرہ اسمعیل خان میں مقامی طور پر قائم مارشل آرٹ کی ایک اکیڈیمی بھی چلاتے ہیں جس میں بیشتر کھلاڑی وزیرستان کے متاثرین ہیں۔
arta
ان کے بقول 'میں نے یہ تمام ریکارڈ اپنے خرچے پر بنائے ہیں، کسی نے مجھے سپنسر نہیں کیا اور نہ کسی حکومتی اہلکار نے مجھ سے اب تک کوئی رابطہ کیا ہے۔'خیال رہے کہ مارشل آرٹ کے ماہر محمد عرفان محسود نے فائن آرٹس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے اور آج کل وہ ایم فل کے سکالر ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ 'گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو اپنے تمام تر ریکارڈ بھیجنے کے دو طریقے ہیں۔ ایک تو ان کے نمائندے کو بلا کر ان کے سامنے عملی مظاہرہ کیا جائے جس پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں اوردوسرا یہ کہ آپ انھیں اپنی تمام ویڈیوز بھیجیں اور وہ ان پر کوئی فیصلہ کریں۔ دوسرے طریقے میں خرچ کم اور وقت زیادہ لگتا ہے۔'انھوں نے کہا کہ گنز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی طرف سے کھیل کے قواعد و ضوابط بہت سخت بنائے گئے ہیں جن میں معمولی سی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔عرفان محسود کے مطابق ایسی کامیابی حاصل کرنا اس وقت بہت مشکل ہوتا ہے جب آپ بے گھر بھی ہوں اور آپ کے پاس ذریعہِ آمدن بھی نہ ہوں۔خیال رہے کہ مارشل آرٹ کے ماہر محمد عرفان محسود نے فائن آرٹس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد آج کل وہ ایم فل کے سکالر ہیں۔اس سے پہلے وہ کنگ فو میں نیشنل چمپئین بھی رہ چکے ہیں۔