آصف زرداری 23 دسمبر کو واپس آئیں گے: بلاول کا علان۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 18, 2016 | 13:28 شام


کراچی (مانیٹرنگ رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر مملکت اور اپنے والد آصف علی زرداری کی وطن واپسی کا اعلان کر دیا ،ان کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری 23 دسمبر کو کراچی پہنچیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹروں نے آصف علی زرداری کو سفر کی اجازت دیدی ہے اور وہ 23 دسمبر کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اگلے تین دن آصف علی زرداری کے استقبال کی تیاری کرے گی اور اگر سابق صدر ہمارے ساتھ ہوں گے تو ہم پاناما لیکس کے معاملے پرحکومت سے اپنے مطالبات منوا لیں گے۔

r />  
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 17 جون 2015 کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک تقریر کے دوران بظاہر اسٹیبلشمنٹ کو للکارتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہمیں پریشان نہ کیا جائے، ورنہ اینٹ سے اینٹ بجادی جائے گی'۔

اس بیان کے ایک ہفتے کے اندر ہی نامعلوم وجوہات کی بنا پر سابق صدر ملک چھوڑ گئے تھے، وہ 25 جون سے دبئی میں مقیم ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر اپنے چار مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ ہم ہی پاکستان میں اصل اپوزیشن ہیں اورملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں، ہم پاناما اسکینڈل کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں، پاناما لیکس پر ہماری قرارداد پر عمل درآمد کے بغیر ملک میں جمہوریت نہیں آ سکتی ہم ہی ملک میں اصل اپوزیشن ہیں۔
وزیر داخلہ کی جانب سے پاناما لیکس میں بے نظیر بھٹو کا نام ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں میری والدہ کا نام نہیں ہے اور اگر کسی کو شک ہے تو آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ پر جا کر اپنی تسلی کر سکتا ہے، میرے خاندان کے کسی فرد کا نام بھی پاناما لیکس میں نہیں ہے بلکہ ملک کے وزیراعظم کا نام اس میں آیا ہے، اگر میرا نام بھی شامل ہے تو مجھ سے بھی تحقیقات کی جائے۔