پی آئی اے نے چھکڑا جہاز پھر چلا دیئے ،گلگت چترال اپریشن شروع کرنے کا اعلان

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 15, 2016 | 17:37 شام

 

کراچی: (مانیٹرنگ) پی آئی اے نے چھکڑا جہاز پھر چلا دیئے ۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ترجمان عدنان مختار نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے گلگت اور چترال کی پروازیں بحال کر دی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق اے ٹی آر 42 کے تمام پارٹس کا مکمل معائنہ کرکے تمام ٹیسٹ کو کلیئر قرار دیدیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن نے پی آئی کا ایک اے ٹی آر طیارہ شیک ڈاؤن ٹیسٹ کے بعد پرواز کے لئے کلیئر کر دیا ہے۔ طیارے کے فضائی آپریشن میں شامل ہونے سے گلگت اور چترال کی پروازیں شروع ہو جائیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سول ایوی ایشن اتهارٹی کی جانب سے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کے احکامات کے بعد پی آئی اے نے تمام اے ٹی آر طیارے عارضی طور پر گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
رواں ماہ ہی پی آئی اے کا ایک اے ٹی آر 42 طیارہ چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ اس اندوہناک حادثے میں طیارے کے عملے سمیت 47 افراد ہلاک ہو گئے تهے۔ اس کے بعد 11 دسمبر کو ملتان میں اے ٹی آر طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث پائلٹ نے پرواز کو نہ اڑانے کا فیصلہ کیا تھا۔