کرنسی سمگلنگ کیس ، عدالت کا ایان علی کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار، وطن واپسی کا شیڈول طلب
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 07, 2017 | 11:15 صبح
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )کرنسی سمگلنگ کیس میں نامزد ملزمہ ایان علی کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی واپسی کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ کرنسی سمگلنگ کیس میں نامزد ملزمہ ایان علی کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج شیراز کیانی کی عدالت میں ہوئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے ملزمہ کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے وکیل سے پوچھا کہ ملزمہ کہاں ہیں، وہ تو کہتی تھیں کہ مقدمے کا سامنا کروں گی اور عدالت میں بھی پیش ہوں گی۔ایان علی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ماڈل گرل وطن سے باہر ہیں۔ اس لئے عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ ماڈل کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی جائے اور ان کی وطن واپسی کے شیڈول کا تحریری جواب عدالت میں جمع کروایا جائے۔ عدالت نے کہا آئندہ سماعت پر سینئر وکیل لطیف کھوسہ بھی پیش ہوں مزید سماعت اب 6 جون کو ہو گی۔