دوسرا دن ڈے: بابر اعظم کی سینچری، ویسٹ انڈیز کیلئے 283 رنز کا ٹارگٹ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 09, 2017 | 20:35 شام

گیانا: (مانیٹرنگ ڈیسک) پرووِڈنس سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 283 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔ بابر اعظم کی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان اتنا سکور کرنے میں کامیاب ہوا۔ بابر اعظم کے علاوہ کوئی اور بلے باز شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکا۔ بابر اعظم نے ذمہ داری کے ساتھ کھیلتے ہوئے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 125 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت

دی۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل میدان میں اترے اور بڑی سست رفتاری سے اننگز کا آغاز کیا۔ قومی ٹیم کا سکور ابھی 16 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ احمد شہزاد لیگ سائیڈ پر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وکٹوں کے پیچھے کھڑے کیپر شائی ہوپ نے ان کا کیچ لیا۔ احمد شہزاد نے صرف 5 رنز بنائے جبکہ شینن گیبریل کے حصے میں ان کی وکٹ آئی۔ اس کے بعد کامران اکمل اور بابر اعظم نے سکور کو آگے بڑھایا۔ تاہم ٹیم کا سکور ابھی 44 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ کامران اکمل بھی کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کامران اکمل نے دو چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔ جوزف کی گیند پر ہوپ نے ہی ان کا کیچ لیا۔ قومی ٹیم نے دس اعشاریہ پانچ اوور میں اپنی پہلی نصف سینچری مکمل کی۔پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جنہوں نے 32 رنز بنائے۔ ایشلے کی گیند پر وکٹ کیپر ہوپ نے ان کو سٹمپ آؤٹ کیا۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے جنہوں نے صرف 9 رنز بنائے۔ بشو کی گیند پر ہوپ نے ہی ان کا کیچ لیا۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 183 رنز پر گری جب کپتان سرفراز احمد ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ سرفراز احمد نے 26 رنز بنائے اور گیبریل کی گیند پر والٹن نے ان کا آسان کیچ لیا۔ اس کے بعد بابر اعظم کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے چوالیسویں اوور میں 200 رنز مکمل کیے۔ بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سینچری مکمل کی۔ عماد وسیم نے بھی ان کا ساتھ دیا اور اپنی جارحانہ بلے بازی سے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریل نے دو جبکہ جوزف، بشو اور ایشلے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز اپنے نام کر چکا ہے۔ اگر پاکستان کو اس سیریز میں کم بیک کرنا ہے تو یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔