بچے کی حیرت انگیز ولادت نے سب کو حیران کر دیا ۔کیا ایسا ممکن تھا؟

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 28, 2017 | 21:29 شام

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ابتدائے حمل سے لے کر بچے کی ولادت تک ماں کے جسم کو بے شمار تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن کے باعث یہ تصور کرنا ہی محال ہے کہ کسی خاتون کو زچگی کے مرحلے تک پہنچنے سے پہلے علم ہی نہ ہوسکے کہ وہ ماں بننے والی ہے۔ برطانوی خاتون شرینا گڈودالبتہ ایک ایسی نادر مثال ضرور ہیں جو آخری وقت تک بے خبر رہیں اور جب درد زِہ شروع ہوا تب بھی اسے گردے کی پتھری کے باعث ہونے والا درد سمجھتی رہیں۔اخبار دی مرر کی رپورٹ کے مطابق شرینا کا کہنا تھا کہ ان کے ہاں پہلے دو بیٹیوں کی ولادت ہو

چکی ہے اور دونوں بار حمل اور ولادت کے معاملات بالکل نارمل رہے، مگر اس بار تو کمال ہی ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران انہیں حمل کے کوئی آثار نظر نہ آئے، حتیٰ کہ ان کے وزن میں بھی کوئی خاطر خواہ اضافہ نہ ہوا۔ چند دن قبل انہیں کمر میں درد محسوس ہونے لگا اور بدھ کے روز یہ درد شدت اختیار کرگیا۔ وہ اسے گردے کی پتھری کا مسئلہ سمجھ کر ہسپتال گئی تھیں، مگر ڈاکٹروں نے چیک اپ کرتے ہی بتایا کہ وہ بچے کو خوش آمدید کہنے کی تیاری کریں، اور کچھ وقت بعد ایک پیارا سا بیٹا ان کی گود میں تھا۔ شرینا نے ’اچانک‘ دنیا میں آنے والے اپنے بیٹے کا نام ڈیوڈ رکھا ہے اور سب ہی اس کی غیر متوقع آمد پر حیران ہونے کے ساتھ بہت خوش بھی ہیں۔