ایسی بیماری میں مبتلا بچہ جس کا علاج ابھی تک ڈاکٹروں کے پاس بھی نہیں ہے۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 14, 2017 | 18:05 شام

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک): برطانیہ کا رہائشی ایک لڑکا ایسی پراسرار بیماری میں مبتلا ہے جو روزانہ 18 گھنٹے تک سوتا رہا ہے جب کہ علاج کی کوئی بھی تدبیر اس پر کارگر ثابت نہیں ہورہی۔ برطانوی قصبے چیسٹر فیلڈ کا رہائشی 13 سالہ لڑکا ہیری ایپلٹن ایک عجیب بیماری کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہ روزانہ 18 گھنٹے سوتا رہتا ہے اوروقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی حالت خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے۔ لڑکے کی والدہ کا کہنا ہےکہ اسے بچپن ہی سے زیادہ دیر تک سونے کی عادت ہے لیکن پچھلے دو سال سے یہ کیفیت

غیرمعمولی طور پر بڑھ گئی ہے اور اب وہ روزانہ 18 گھنٹے سونے کے بعد بھی تھکے ماندے انداز میں جاگتا ہے، سوتے دوران ہیری کی نیند اتنی گہری ہوتی ہے کہ وہ آس پاس ہونے والے شور شرابے اور دھماکے کی آواز پر بھی ٹس سے مس نہیں ہوتا۔پہلے پہل ڈاکٹر اسے اعصابی بیماری سمجھے لیکن تشخیص کرنے پر معلوم ہوا کہ اسے کوئی اعصابی یا دماغی بیماری بھی نہیں جس کے بعد اسے مختلف دواؤں اور جسمانی تدابیر کے ذریعے معمول پر لانے کی کوشش کی گئی لیکن اس پر کسی علاج کا کوئی اثر نہیں ہوا اور اس کی کیفیت بہتر ہونے کے بجائے بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔لڑکے کے والدین شدید پریشان ہیں کیونکہ اپنی پراسرار بیماری کی وجہ سے وہ نہ صرف اسکول جانے سے قاصر ہے بلکہ دوسرے صحت مند بچوں کی طرح کھیل کود میں بھی حصہ نہیں لے سکتا۔اگرچہ ڈاکٹر ابھی تک یہ جان نہیں پائے کہ ہیری ایپلٹن کو کیا بیماری ہے لیکن ان کا خیال ہے کہ شاید یہ کوئی بہت ہی نایاب قسم کا اعصابی مرض ہے جس سے میڈیکل سائنس اب تک واقف نہیں ہوسکی ہے۔ لیکن تحقیق جاری ہے۔ امید ہے اس کے بارے میں جلد معلومات حاصل ہوئیں گئی۔۔۔۔