والد نے اپنی دو سالہ بیٹی کے ساتھ ایسی ظالمانہ حرکت کی کہ جان کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 22, 2017 | 21:14 شام

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک ) چین کے صوبہ سشوان کے ایک دور دراز گاﺅں کے ویران قبرستان سے رونے کی آواز آئی تو کچھ لوگ معاملے کی حقیقت جاننے کے لئے پہنچے، لیکن ان کے سامنے ایسا منظر تھا کہ جس کا تصور کر کے ہی انسان کی روح کانپ اٹھے۔ وہاں ایک ننھی بچی درخت کے ساتھ بندھی تھی، جو خوف کے مارے بری طرح چیخ رہی تھی۔ یہ منظر دیکھ کر لوگ سکتے کے عالم میں تھے اور ہر کوئی سوچ رہا تھا کہ بھلا ایک معصوم بچی کو کیونکر کوئی ویران قبرستان میں درخت کے ساتھ باندھ کر تنہا چھوڑ جائے گا۔جب اس معاملے کی تحقیق ہوئی تو ایک

اور ایسا انکشاف ہوا کہ جس پر یقین کرنا ناممکن ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق بیچاری بچی کو ویران قبرستان میں باندھ کر غائب ہو جانے والا درندہ کوئی اور نہیں بلکہ اس کا اپنا باپ تھا ۔ دراصل اس بچی کے والدین میں کچھ عرصہ قبل طلاق ہو گئی تھی ، جس کے بعد اس کے والد نے اپنی سابقہ اہلیہ کو دوبارہ شادی کے لئے مجبور کرنے کی خاطر دو سالہ بیٹی کو لیجا کر ویران قبرستان میں باندھ دیا۔دیہاتیوں کا کہنا تھا کہ انہیں قبرستان سے رونے کی آواز آئی تو متعدد افراد دیکھنے گئے کہ آخر معاملہ کیا ہے، اور جب انہوں نے ایک ننھی بچی کو درخت کے ساتھ بندھے ہوئے دیکھا تو ان کے لیے اپنی آنکھوں پر یقین کرنا مشکل ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بچی کے پاس لٹکے ایک کاغذ پر اس کا نام بھی لکھا ہو ا تھا۔ خوف اور سردی کے باعث اس معصوم کا رنگ نیلا پڑ چکا تھا۔ بچی کا نام ڈیان بتایا گیا ہے اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جس جگہ اسے بانس کے ساتھ باندھا گیا اس سے کچھ فاصلے پر ہی اس کی دادی کی قبر تھی۔ قبرستان میں لاوارث بچی ملنے پر لوگوں نے پولیس کو اطلاع کر دی ، جس نے بچی کی والدہ کو تلاش کر کے بچی اس کے حوالے کی۔ 
خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا شوہر اسے طلاق دینے کے بعد دوبارہ شادی پر مجبور کر رہا تھا ، اور معصوم بچی کو بھی بلیک میلنگ کیلئے استعمال کر رہا تھا ۔ بچی کو اس کی والدہ کے حوالے کرنے کے بعد پولیس بدبخت والد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے، تاہم تا حال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی ملزم کو حراست میں لے گی۔