،مسلم لیگ (ن) میرے خاندان کا اثاثہ ہے،

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 31, 2017 | 18:58 شام

ملتان (نیوز ڈیسک) سینئرسیاستدان مخدوم جاویدہاشمی نے کہا ہے کہ پیدائشی مسلم لیگی ہوں اور اب مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے ہی اپنی سیاست جاری رکھوں گا ،مسلم لیگ (ن) میرے خاندان کا اثاثہ ہے، مجھے فخر ہے کہ میں مسلم لیگ(ن) کا صدر رہا اور لیگی کارکنوں ورہنماؤں نے مجھے بہت محبت دی جو میں کبھی نہیں بھلاپاؤں گا۔این اے 149ملتان شہر میراحلقہ انتخاب ہے ،یہاں سے کوئی مجھے الیکشن میں حصہ لینے سے روک نہیں سکتا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ (ن)ارشد گجرسے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جاویدہاشمی کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے باپ دادا مسلم لیگی تھے میں نے ایک بار یہاں تک کہا تھا کہ مرنے کے بعد مجھے مسلم لیگ ن کے پرچم میں دفن کیا جائے، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ہماری خاندانی جماعت ہے ،مسلم لیگ(ن)کے کارکنوں نے مجھے بہت محبت دی ،انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ مکمل ہونے سے پاکستان پر خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے،سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے ،چندغیرملکی قوتیں سی پیک منصوبے کیخلاف سازشیں کررہی ہیں لیکن یہ قوتیں ناکام ہوکررہیں گے،انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفسادملک سے شرپسندوں کا مکمل قلع قمع کرے گا،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔