واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب عوام کا جوش و جذبہ قابلِ دید

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 23, 2017 | 18:21 شام

 لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک): واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پاکستان اور بھارت کے سرحدی محافظوں کی جانب سے پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران یوم پاکستان کی مناسبت سے فضا فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔یوں تو پاک بھارت سرحدی چیک پوائنٹس پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب ہر روز ہی ہوتی ہے لیکن یوم پاکستان ، یوم آزادی اور یوم دفاع کے موقع پرعوام کا جوش و جذبہ دیکھنے کے قابل ہوتا ہے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے واہگہ اور گنڈا سنگھ کی پاک بھارت سرحد پر قومی پرچم اتارنے کی

پر وقار تقریب دیکھنے بڑی تعداد میں لوگ آئے، اس موقع پر پاکستانی عوام کا جوش و جذبہ دیدنی تھا اور ہر جانب سبز ہلالی پرچموں کی بہار تھی۔پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران جب پنجاب رینجرز کے جوان نے بھارتی اہلکار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارا تو فضائیں نعرہ تکبیر، جیوے جیوے پاکستان، پاکستان زندہ باد اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعروں سے گونج اٹھیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل واہگہ بارڈر پر پنجاب رینجرز کی جانب سے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کو یوم پاکستان کی مناسبت سے خیرسگالی کے طور پر مٹھائی کا تحفہ بھی پیش کیا تھا۔ دوسری جانب واہگہ بارڈر پر موجود عوام  مسلسل پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتی رہیں۔