بلاول کا حیران کن خواب،ناقابل یقین اعلان

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 03, 2016 | 16:24 شام

 
لاہور(مانیٹرنگ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے حیران کن طور پر کہا ہے وہ اگلے الیکشن کے بعد وزیراعظم بنیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ لاڑکانہ سے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی نشست پر انتخاب لڑیں گے لیکن وقت کا تعین پارٹی کرے گی۔ لاہور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڑکانہ سے انتخاب لڑوں گا لیکن وقت کا تعین پارٹی کرے گی۔ اس وقت خیبر پختونخوا میں پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی وفاقی سیاسی جماعت ہے کیونکہ اس جماع
ت نے صوبے میں ہونے والے گزشتہ 3 ضمنی انتخاب جیتے ہیں۔ نوازشریف وزیراعظم اپنا کام نہیں کر سکتے تو میں تیار ہوں، عوام کی مدد سے 2018 میں اس ملک کا وزیراعظم بنوں گا۔ 2018 کے عام انتخابات کے بعد ہر جگہ پیپلز پارٹی کا جھنڈا لہرائے گا، وزیراعظم اور صدر کے گھروں پر بھی ہماری ہی پارٹی کا جھنڈا ہوگا۔ چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک بہت مشکل صورتحال سے دوچار ہے، خیبر پختونخوا دہشت گردی کی سونامی میں ڈوب رہا ہے اور ہمارا نیشنل ایکشن پلان جھنگ کے ضمنی انتخاب کے بعد ختم ہوگیا ہے، ہمیں ایک غیر جانبدار اور قابل وزیرداخلہ چاہیے۔ اگر نواز شریف نے ہمارے 4 مطالبات نہ مانے تو ملک بھر سے گو نواز گو کا نعرہ لگے گا۔ کارکنوں کی جانب سے ’رو عمران رو‘ کے نعروں پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ تو پہلے ہی رو رہے ہیں لیکن ان کے خلاف زیادہ نعرے نہ لگائے جائیں کیونکہ وہ ان کے پسندیدہ چاچا ہیں۔ سیاست ہمارے لئے خدمت ہے، اپنی صاف ستھری سیاست کو جی ٹی روڈ کی سیاست نہیں بنانا چاہتے۔