کھرب پتی بلاول بھٹو کو لاہور میں تندوروں کی تلاش

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 06, 2016 | 16:59 شام

لاہور(مانیٹرنگ) بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات کے آخری روز بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حکومت پر خوب گرجے برسے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پنجاب کی سیاست میں حصہ لینے نہیں بلکہ جمہوری قبضہ کرنے کے لئے آئے ہیں کیونکہ رائیونڈ کی خارجہ پالیسی نے ہمیں دنیا میں تنہا کردیا۔ انہوں نے وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شریفوں یہ آپ کی آخری باری ہے۔

دوران خطاب چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنا آئندہ چھ ماہ کا سیاسی پلان بھی بتایا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگلے تین ماہ گو نواز گو کا نعرہ لگائیں گے اور تین ماہ الیکشن مہم چلائیں گے۔ حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ستائیس دسمبر کے بعد لانگ مارچ ہوگا اور دما دم مست قلندر ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ستائیس دسمبر کے بعد پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز لاہور ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت سے کیے جانے والے چار مطالبات پر عملدرآمد کے لئے کمیٹی بنارہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیے کہ ان کے دانش سکول اور سستی روٹی کا تندور کہاں گئے۔