مولانا فضل الرحمٰن نے پارلیمان کو بوگس قراردیدیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 31, 2016 | 07:39 صبح

 

نوشہرہ +ملتان(مانیٹرنگ) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں‘ تبدیلی نظام کی اصلاح کی صورت میں نظر آئے گی‘ نادیدہ قوتیں انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کا باعث بنتی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ریاست کے مفادات اور نظام کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ نادیدہ قوتوں کی جانب سے نتائج تبدیل کر کے پارلیمنٹ میں طاقتور بننے سے روکا جاتا ہے۔ جے یو آئی کی سو سالہ تقریبات کے سلسلے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی اپنا نظریہ آئندہ نسلوں کو منتقل کرنا چاہتی ہے۔ سیاسی میدان میں ہر جماعت کا اپنا نظریہ اسے منفرد اور امتیازی بناتا ہے، جے یو آئی کے دروازے ہر قوم اور ہر طبقے کے لئے کھلے ہیں۔ مزید براں مولانا فضل الرحمن نے اکوڑہ خٹک میں جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر اور دفاعِ پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق سے اُنکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ مولانا فضل الرحمن بغیر کسی پروگرام اور اطلاع کے بغیر مولانا سمیع الحق سے ملنے آئے۔ ملاقات میں ملک کی عمومی صورتحال زیر بحث آئی۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ موجودہ حکمران غیر اسلامی اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے مدارس کیساتھ امتیازی سلوک پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کیا۔ مولانا نے فضل الرحمن اپنے استاد شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق رحمہ اللہ کے مزار پر بھی حاضری دی۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے تمام اسلامی علوم کی تعلیم دارالعلوم حقانیہ میں مکمل کی ہے۔