شاہد آفریدی نے ایسا پیغام دیا کہ مداح پریشان نظر آنے لگے۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 30, 2017 | 20:26 شام

 کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جتنی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی تھی کھیل چکا ہوں اب ٹوئنٹی 20 لیگز ہی کھیلوں گا۔سابق کپتان ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں، صرف ٹوئنٹی 20 میچز میں ملک کی نمائندگی کرتے رہے ہیںِ، اس فارمیٹ میں بھی اپنا آخری میچ انہوں نے گزشتہ سال مارچ میں بھارت میں ورلڈ کپ کے دوران کھیلا تھا۔ جامعہ کراچی میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بوم بوم آفریدی نے کہا کہ سابق کپتان عمران خان کی جانب سے

میری فٹنس کی تعریف کا مطلب ہے کہ میں ابھی مزید کھیل سکتا ہوں لیکن میں نے جتنی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی تھی وہ کھیل چکا ہوں، اب ٹوئنٹی 20 لیگ کرکٹ کے مزے لینا چاہتا ہوں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ سرفراز احمد بہترین فائٹر اور ٹیم کی قیادت کے لیے موزوں ترین ہیں، تینوں فارمیٹس میں انہیں قیادت سونپنا بورڈ کا اچھا فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل فائنل کا انعقاد ایک مثبت اقدام ہے لیکن ملکی کرکٹ کو لیگ کے اصل فوائد تب ہی حاصل ہو سکتے ہیں جب تمام میچز پاکستان میں ہوں اور لاہور کے علاوہ کراچی، ملتان، فیصل آباد، پشاور اور دیگر بڑے شہروں میں بھی میچز کھیلے جائیں۔بوم بوم کے اس بیان نے مداحوں کو افسودہ کر دیا ہے۔ان کا ماننا ہے کہ اب ہم بوم بوم کو ہر میچ میں نہیں دیکھ سکیں گے۔