آسمان طیارے سے نوٹوں کی بارش

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 28, 2016 | 16:24 شام

برازیلیا (شفق ڈیسک) برازیل کے دور دراز جنگلات میں واقع مارا کنگالا گاؤں کے لوگ غریب ضرور تھے مگر قناعت کی زندگی گزار رہے تھے۔ 2008ء میں یہاں ایسا حیرت انگیز واقع پیش آیا کہ گاؤں والوں کی زندگیاں ہمیشہ کیلئے بدل گئیں۔ نیوز چینل الجزیرہ کی رپورٹ کیمطابق 2008ء میں اس گاؤں کے اوپر پرواز کرتے ایک طیارے کو حادثہ پیش آیا اور پھر ہر طرف نوٹوں کی بارش ہونے لگی۔ گاؤں والوں نے کبھی خواب میں بھی اتنے نوٹ نہیں دیکھے جو ان پر آسمان سے برس رہے تھے۔ یہ برازیلی کرنسی تھی جس کی کل مالیت تقریباً 33 لاکھ ڈالر (ت

قریباً 33 کروڑ پاکستانی روپے) کے برابر تھی۔ دراصل یہ طیارہ برازیل کے مرکزی بینک کے کرنسی نوٹ لے جا رہا تھا کہ کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارے کا ملبہ گاؤں کے قریب ہی گرا لیکن زمین پر گرنے سے پہلے ہی اس کے ٹکڑے ہو چکے تھے۔ اس طیارے میں موجود کروڑوں کی مالیت کے نوٹ گاؤں پر برس رہے تھے اور ہر کوئی یہ منظر دیکھ کر حیران تھا۔ بھوک اور افلاس کے مارے ہوئے گاؤں کے باسیوں نے دھڑا دھڑ نوٹ اکٹھے کرنا شروع کر دئیے۔ کچھ لوگوں نے تو رقم اکٹھی کی اور گاؤں ہی چھوڑ گئے مگر باقی رہ جانے والوں کیلئے یہ دولت دردناک عذاب کی صورت اختیار کر گئی۔ مارا کنگالیا میں جو لوگ مقیم رہے ان کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ کے بعد بہت بڑی مصیبت میں پھنس گئے۔ آئے روز چور ڈاکو ان کے گاؤں پر حملہ آور ہونے لگے اور انکے پاس جو کچھ تھا لوٹ کر لیجانے لگے۔ بعض اوقات چور پولیس والوں کا روپ دھار کر آجاتے اور سارے گاؤں کی تلاشی لینا شروع کردیتے۔ یہاں کئی لوگوں سے رقم لینے کیلئے شدید زدوکوب کیا گیا حتیٰ کہ کچھ لوگوں کو ہلاک بھی کیا جاچکا ہے۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے زیادہ دولت اکٹھی کی وہ تو یہاں سے دوسرے علاقوں میں منتقل ہو گئے لیکن جو یہاں رہے وہ لٹیروں کا نشانہ بن گئے اور آج انکی حالت پہلے سے بھی بدتر ہے۔